بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ستارے زمین پر نہ صرف باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے بلکہ 2025 کی سب سے پسندیدہ فلم بھی بن چکی ہے۔
تارے زمین پر کا تسلسل سمجھی جانے والی اس فلم میں 10 نوآموز فنکاروں نے عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کی۔
عامر خان فلم میں ایک باسکٹ بال کوچ کے کردار میں نظر آئے، ان کی جاندار اداکاری کو خوب سراہا گیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے انکشاف کیا کہ وہ ابتدائی طور پر فلم میں اداکاری کےلیے منتخب نہیں تھے، بلکہ اس کردار کے لیے پہلا انتخاب فلم ساز و اداکار فرحان اختر تھے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ فرحان کو یہ کردار ادا کرنا تھا کیونکہ جب لال سنگھ چڈھا کامیاب نہیں ہوئی تو میں جذباتی طور پر ٹوٹ گیا تھا۔ میں نے سوچا مجھے وقفہ لینا چاہیے لہٰذا کچھ عرصے کےلیے فلم نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اُس وقت عامر نے خود کو صرف فلم کی پروڈکشن تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ ہدایتکاری کی ذمہ داری آر ایس پرسنا کے سپرد کر دی گئی تھی۔ لیکن جب اسکرپٹ اور کہانی پر کام آگے بڑھا تو عامر کو فلم کی کہانی نے متاثر کیا۔
عامر نے خود سے سوال کیا کہ "یہ اسکرپٹ اتنی زبردست ہے تو میں اس میں اداکاری کیوں نہیں کر رہا؟ اور وہ بالآخر کیمرے کے سامنے واپس آ گئے۔
ستارے زمین پر جنیلیا ڈیسوزا بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہیں، جب کہ نوآموز اداکاروں میں آروش دتہ، گوپی کرشن ورما، سموت دسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، آشش پینڈسے، رشی شہانی، رشبھ جین، نمن مشرا اور سمرن منگیشکر شامل ہیں۔
20 جون 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ستارے زمین پر اب بھی شائقین کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔