کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔تفصیلات شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود لانڈھی منزل پمپ گرین سٹی کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر کھڑے افراد پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور مرد بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں متوفی بچے کی شناخت 5 سالہ عقیل ولد ذوالفقار جبکہ زخمیوں کی 10 سالہ حسیب ولد ذوالفقار ،8 سالہ طیب ولد ذوالفقار ،11 سالہ میر فاطمہ دختر امداد ،14 سالہ دعا دختر سلطان ،12سالہ میرب دختر ذوالفقار ،9 سالہ موسیٰ ولد ذوالفقار ،35 سالہ افضل ولد ارشد عمر ،40 سالہ سہیل ولد انور ،35 سالہ محمد شاہ اور 40 سالہ کریم ولد ناصر کے ناموں سے ہوئی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتار بس کے کار سے ٹکرانے کے نتیجے میں پیش آیا جس سے کار کا توازن بگڑ گیا اور وہ فٹ پاتھ سے ٹکرا کر ایک چنگچی رکشے سے جا ٹکرائی۔ریسکیو حکام جاں بحق بچہ اور زخمی ہونے والے بچے بچیاں آپس میں بہن بھائی ہیں اور چنگچی رکشے میں سوار تھے تاہم ایس ایچ او صدر الدین میرانی کے مطابق کار کو بس نے ٹکر نہیں ماری بلکہ تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر کھڑے افراد پر چڑھ گئی ،واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ملیر کینٹ تھانے کی حدود زکریا گوٹھ ملیر کینٹ روڈ نمبر 4 کے قریب تیز رفتار ڈاٹسن کی ٹکر سے 15 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو جناح اسپتال لایا گیا۔متوفی کی شناخت کاشف ولد غلام یاسین کے نام سے ہوئی۔متوفی زکریا گوٹھ کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق راجن پور سے بتایا جاتا ہے۔متوفی سبزی فروش تھا۔پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور امیر بخش کو گرفتار کر کے گاڑی ضبط کر لی ہے۔