کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت/ جوڈیشل کمپلیکس میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان نےصحافی پر حملے کےمقدمے میں عدالت کے بار بار کہنے کے باوجود مقدمہ کی نقول لینے سے انکار کردیا۔ جیل حکام نے گرفتار ملزم ارمغان کو عدالت میں پیش کیا ۔ ملزم نے عدالت کی جانب سے دی جانے والی مقدمہ کی نقول لینے سے انکار کردیا، عدالت نے مقدمہ کی نقول لینے سے انکار پر ملزم ارمغان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیاکہ مقدمہ کی نقول کیوں نہیں لینا چاہتے؟ ملزم کا کہنا تھا کہ جب تک میرا وکیل موجود نہیں ہوگا میں مقدمہ کی نقول نہیں لوں گا، عدالت کے بار بار کہنے کے باوجود ملزم ارمغان نے مقدمہ کی نقول لینے سے انکار کیا ، عدالت نے ملزم ارمغان کی کسٹڈی عدالتی اجازت کے بغیر واپس لیجانے پر جیل حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ اور انتظامیہ سے وضاحت طلب کرلی ،پولیس کا الزام ہے کہ 19 نومبر 2024 کو ملزم ارمغان اپنی ویگو گاڑی میں سوار تھا، ملزم ارمغان نے صحافی ندیم احمد خان کو روکا اور تلخ کلامی کی، ارمغان نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کرکے صحافی کو زخمی کردیا اور وہاں سے فرار ہوگیا، دوران تفتیش ملزم ارمغان اپنے جرم کا اعتراف کرچکا ہے۔