معروف اداکارہ اسماء عباس نے بہوؤں کے دیر سے جاگنے پر دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ اسماء عباس نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اپنی بہو ثمین کے ہمراہ شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی خاندانی زندگی، خاص طور پر بہو کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کی۔
شو کے دوران ان کی بہو ثمین نے دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ میری ساس بہت کول ہیں، سسرال کے پہلے دن میں بہت نروس تھی کہ وقت پر جاگوں گی یا نہیں، اس لیے الارم لگایا، جب الارم بجا تو بند کرکے دوبارہ سوگئی اور دیر سے جاگی، جب نیچے گئی تو لگا جیسے سب ناراض ہوں گے، لیکن سب بہت خوش دلی سے ملے اور مذاق میں کہا کہ جاؤ دوبارہ سو جاؤ۔
اسماء عباس نے کہا کہ میں بہو کو بیٹی کی طرح سمجھتی ہوں مجھے ان کے دیر سے اٹھنے پر کوئی اعتراض نہیں کیونکہ جب بھی یہ دیر سے اٹھتی ہیں تو مجھے یاد آتا ہے کہ زارا کو سونے کا کتنا شوق ہے۔ گھر کا ماحول سختی سے نہیں بلکہ محبت سے چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ میری بہوئیں کام کریں کیونکہ وہ پڑھی لکھی خواتین ہیں، اپنی ڈگری کیوں ضائع کریں، وہ گھر بیٹھ کر کیا کریں گی، ہمارے پاس گھر میں ہیلپر ہے اور میں بہو کو سلیپنگ سوٹ میں پسند نہیں کرتی، وہ ہمیشہ تیار اور ایکٹیو رہنی چاہیئں۔
یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث رہا اور صارفین نے اسماء عباس کو مثالی ساس قرار دیا اور ان کے خاندان کی دوستانہ فضا کی تعریف کی۔