اداکارہ کومل میر نے اپنے چہرے پر رونما ہونے والی تبدیلی کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ فلرز نہیں کروائے، صرف وزن بڑھا ہے۔
اداکارہ اور ماڈل کومل میر نے اپنے کیریئر کا آغاز مس ویٹ پاکستان سے کیا، اب وہ متعدد مقبول ڈراموں میں کام کرچکی ہیں اور پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔
حال ہی میں ان کے چہرے میں نمایاں تبدیلی دیکھی گئی ہے، جس پر سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ آیا یہ فلرز کا نتیجہ ہے یا وزن میں اضافے کا؟
کومل میر نے ایک انٹرویو میں ان تمام افواہوں کی وضاحت کر دی ہے، ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ ان کے چہرے میں تبدیلی کی اصل وجہ کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں ہمیشہ سے پتلی تھی اور کھانے پینے کی عادات بھی درست نہیں تھیں، پھر مجھے کہا گیا کہ اگر بڑے پردے پر آنا ہے تو تھوڑا صحت مند نظر آنا ہوگا، میں نے کچھ خاص نہیں کیا، بس نارمل کھانا شروع کیا اور تقریباً 6 کلو وزن بڑھا لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے احساس ہی نہیں ہوا کہ سب سے زیادہ وزن میرے چہرے پر چڑھ رہا ہے، جب میں نے خود کو اسکرین پر دیکھا تو چہرہ بھرا ہوا لگنے لگا۔
سوشل میڈیا پر ان کے چہرے سے متعلق افواہوں پر کومل میر کا کہنا تھا کہ لوگ کہنے لگے کہ میں نے فلرز کروائے ہیں، جبکہ میں نے اپنے چہرے پر کچھ بھی نہیں کروایا، صرف وزن بڑھا ہے اور وہ بھی چہرے پر زیادہ نظر آ رہا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے اب اس بات کی پرواہ نہیں کہ لوگ کیا کہتے ہیں میں اپنی زندگی اپنے اصولوں پر جی رہی ہوں اور اپنے آپ کو پہلے سے زیادہ خوبصورت محسوس کرتی ہوں۔