پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید نے اپنے حالیہ انٹرویو میں 2005ء کے زی سنے ایوارڈز کی ایک یادگار اور حیران کن داستان شیئر کی، جس میں انہوں نے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس کیا۔
ہمایوں سعید نے جیو پوڈکاسٹ پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا، ’اس وقت میں فخر عالم، عدنان صدیقی، اعجاز اسلم، فیصل قریشی اور چند دیگر پاکستانی فنکاروں کے ہمراہ ایوارڈ شو میں شرکت کے لیے لندن جارہا تھا، فلائٹ کے دوران فخر عالم نے مذاق میں کہا کہ سوچو اگر شاہ رخ تمہیں اسٹیج پر بلا کر ساتھ ڈانس کر لے، میں نے ہنستے ہوئے بات ٹال دی مگر یہ مذاق جلد ہی حقیقت بن گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ لندن پہنچتے ہی مجھے بتایا گیا کہ میں شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کے ساتھ پرفارم کروں گا، اس پر میں نے فخر عالم سے کہا کہ تمہارا مذاق سچ ہوگیا۔
ہمایوں کے مطابق شاہ رخ خان نہایت نرم مزاج اور شفیق شخصیت کے مالک ہیں، انہوں نے خود مجھے ڈانس اسٹیپس سکھائے اور میرا حوصلہ بڑھایا، میں نے کہا کہ مجھے کچھ نہیں آتا، تو شاہ رخ نے خود کہا میں سکھا دوں گا، کوئی بات نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پرفارمنس فلم ’ویر زارا‘ کے گانوں پر تھی اور اسے 50 سے 60 ہزار تماشائیوں نے کھڑے ہو کر داد دی، پاکستانی اداکارہ ریما بھی اس پرفارمنس کا حصہ تھیں اور یہ لمحہ دونوں ملکوں کے فنکاروں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بن گیا۔