مشہور ڈرامہ سیریل ’سنو چندہ‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی ڈرامہ نگار صائمہ اکرم چوہدری نے بالی ووڈ فلم ’سیارہ‘ کو اوور ریٹیڈ قرار دے دیا۔
انہوں نے مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بُک اور ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے فلم پر نوجوان نسل کے ردعمل پر سوال اُٹھا دیا۔
انہوں نے بھارتی فلم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’یہ پورا ہندوستان ایک سیارے پر کیوں چڑھا ہوا ہے؟ ایسا لگتا ہے جیسے پورے ہندوستان نے اس فلم ’’سیارہ‘‘ کو کامیاب کروانے کی قسم کھا رکھی ہے۔‘
ڈرامہ نویس کے مطابق ’اتنی اوور ایکٹنگ فلم میں نہیں جتنی ان کی عوام ’جنتا‘ کر رہی ہے، مطلب سنیما گھروں میں جین زی (نوجوان نسل) بے ہوش ہو رہے ہیں، ڈٹرجنٹ کھا رہے ہیں، مطلب کچھ بھی ۔۔۔۔!
واضح رہے کہ 18 جولائی کو ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ’سیارہ‘ سے معروف اداکار چنکی پانڈے کے بیٹے و اداکار آہان پانڈے نے ڈیبیو کیا ان کے مدِ مقابل اداکارہ انیت پڈا ہیں۔
سُپر اسٹارز کے بغیر بننے والی اس فلم نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں 156 کروڑ کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔
اس فلم کے ہدایتکار موہت سوری اس سے قبل زہر، کلیوگ، آوارہ پن، مرڈر 2، عاشقی 2 اور ایک ولن جیسی فلموں کی ہدایتکاری کر چکے ہیں۔
اس فلم کی کہانی 2004 میں ریلیز ہونے والی کورین فلم ’اے مومنٹ ٹو ریممبر‘ کا ریمیک ہے، فلم میں ایک ایسے جوڑے کی کہانی دکھائی گئی ہے جس میں لڑکی الزائمر کی بیماری میں مبتلا ہوتی ہے اور یہ بیماری ان کے رشتے کو شدید آزمائش میں ڈال دیتی ہے۔