حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی معروف پاکستانی ٹک ٹاکر و کانٹینٹ کری ایٹر ربیکا خان اور ان کے شوہر و ٹک ٹاکر اسٹار حسین ترین نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
تاہم عمرے کی ادائیگی کے دوران بھی وی لاگنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا، وقتاً فوقتاً یہ جوڑا عمرے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہا ہے۔
اس عمل نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مرکوز کر لی اور دونوں ٹک ٹاکر ناقدین کی زد میں آگئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے نوبیاہتا جوڑے کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مقدس مقام پر پوسٹنگ کے بجائے عبادت پر توجہ دیں۔
اب سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو ربیکا خان نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کرارا جواب دے دیا اور کہا کہ ہم نے تو اپنے معاملات اللّٰہ پر چھوڑ دیے ہیں، لیکن کسی دوسرے کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے قبل سوچا کریں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ الحمدللّٰہ آج ہم اپنا تیسرا عمرہ مکمل کرلیں گے اور اللّٰہ تعالیٰ نے بھی تمام معاملات میں ساتھ دیا۔ میری دعا ہے کہ اللّٰہ ہم سب کی دعائیں قبول فرمائیں۔
ٹک ٹاکر کا کہنا ہے کہ کسی کے کہنے سے فرق نہیں پڑتا لیکن تنقید کرنے والوں کو کچھ بھی کہنے سے پہلے سوچنا چاہیے کہ جس کے بارے میں کہہ رہے ہیں وہ کہاں موجود ہے اور اس کی نیت کیا ہے۔ ہم نے تو اپنے معاملات اللّٰہ پر چھوڑ دیے ہیں اور وہ ہمارے معاملات بہتر انداز میں انجام دے رہا ہے۔