لاہور(نمائندہ خصوصی،نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں ”حق دو بلوچستان کو لانگ مارچ“ درحقیقت بلوچستان میں بسنے والے پسماندہ افراد کے حقو ق کے لئے ہے جو گزشتہ روز 25جولائی کو کوئٹہ سے شروع ہو کرخانوزئی،مسلم باغ،قلعہ سیف اللہ، لورلا ئی،رکھتی، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، ساہیوال ، اکاڑہ، لاہور، گوجرانو الہ، گجرات،جہلم ،راولپنڈی سے 29 جولائی کو اسلام آباد پہنچے گا ۔ بلوچستان سے شروع ہونے والا یہ لانگ مارچ 27جولائی کو پنجاب کی حدود میں داخل ہو گا جہاں اس کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔ سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں، پسماندگی اور حقوق کی مسلسل پامالی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی بلوچستان، مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے ایک تاریخی اقدام کا اعلان کیا ہے۔