سنگاپور کے علاقے تانجونگ کاٹونگ روڈ ساؤتھ اور ماؤنٹ بیٹن روڈ پر اچانک زمین دھنسنے سے ایک کار گہرے گڑھے میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں سڑک کا ایک حصہ بند کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ڈیش کیم فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک اچانک بیٹھ گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑگیا جس میں ایک سیاہ رنگ کی کار پھنس گئی۔
قریبی تعمیراتی کارکنوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رسی کے ذریعے خاتون ڈرائیور کو گڑھے سے باہر نکالا، سنگاپور سول ڈیفنس فورس (SCDF) کے اہلکار موقع پر پہنچے اور خاتون کو اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی۔
بعدازاں سنگاپور کے قومی واٹر ایجنسی PUB نے تصدیق کی کہ خاتون کا مکمل طبی معائنہ کیا جا رہا ہے، ادارہ ان کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے، متاثرہ کار کو بھی کرین کے ذریعے گڑھے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ سڑک کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔
لینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ایل ٹی اے) نے اعلان کیا کہ تانجونگ کاٹونگ روڈ ساؤتھ کا وہ حصہ جو ماؤنٹ بیٹن روڈ سے لے کر ایسٹ کوسٹ پارک وے (ای سی پی) تک جاتا ہے، اگلے اعلان تک بند رہے گا۔
پی یو بی، ایل ٹی اے اور بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن اتھارٹی مل کر سڑک کی مرمت کا کام کر رہے ہیں تاکہ مکمل حفاظتی اطمینان کے بعد ہی سڑک کو دوبارہ کھولا جا سکے۔