امریکی کمپنی آسٹرونومر کے سابق سی ای او اینڈی بائرن نے کولڈ پلے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ریاست میساچوسٹس میں ہونے والے کولڈ پلے کے کنسرٹ کے دوران فلکیات کے ڈیٹا کا جائزہ لینے والی کمپنی آسٹرونومر کے سابق سی ای او اینڈی بائرن اور کمپنی کی چیف پیپلز آفیسر ہیڈ کرسٹن کیبوٹ کے معاشقے کا راز فاش ہو گیا تھا۔
سابق سی ای او کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر میمز کی بھر مار شروع ہوگئی۔
اس واقعے کے بعد اینڈی بائرن اور ان کی گرل فرینڈ کرسٹن کیبوٹ کو آسٹرونومر سے اپنا اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا۔ تاہم اب اینڈی بائرن نے کولڈ پلے اور ایونٹ کے منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اینڈی بائرن کے مطابق ان دونوں کو فلمایا جانے (عکس بند کرنے) سے قبل ان کی اجازت طلب نہیں کی گئی تھی۔ ان کی رضامند حاصل کیے بغیر انہیں ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب کولڈ پلے نے ان دونوں کو میم بنا دیا ہے، جس سے کافی تکلیف پہنچی ہے۔
انہوں نے اس کا حوالہ دیتے ہوئے کولڈ پلے اور ایونٹ کے منتظمین کے خلاف ’جذباتی تکلیف‘ اور ’پرائیویسی پر حملے‘ کا مقدمہ دائر کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے۔
اینڈی بائرن کے وکیل کے مطابق کولڈ پلے کے مرکزی گلوکار کرس مارٹن کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ بھی کیا جاسکتا ہے، انہوں نے اینڈی بائرن اور کرسٹن کیبوٹ کے ’افیئر‘ کی عوامی سطح پر نشاندہی کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے کولڈ پلے یا کرس مارٹن نے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔