بھارت کے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد کسی ملک نے بھی پاکستان کی مذمت نہیں کی، پاکستانی آرمی چیف نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ لنچ کیا۔
بھارتی لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی کی جرات نہیں ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کو جُھٹلا سکیں، آپریشن سندور مودی کے امیج کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے چین اور پاکستان کے بڑھتے تعلقات سے متعلق میرے بیان کیے گئے تحفظات کو نظر انداز کیا، پاکستان اور چین اب بھارت کے خلاف متحد ہو چکے ہیں۔
راہول گاندھی کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی دے رہا ہے۔
بھارتی لوگ سبھا میں آج حکومت اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرمی ہوئی، سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادیو نے آپریشن سندور اور پہلگام واقعے پر سوالات اٹھا دیے۔
اکھلیش یادیو نے سوال کیا کہ آپریشن مہادیو کل ہی کیوں ہوا؟ دہشت گرد پارلیمنٹ کے سیشن کے دوران ہی کیوں مارے گئے؟