پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شمعون عباسی نے انکشاف کیا کہ فیروز خان مشہور ’اینگری ینگ بوائے‘ میری وجہ سے بنا۔
شمعون عباسی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُن سے سابقہ اہلیہ حمائمہ ملک کے بھائی اداکار فیروز خان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوال پوچھا گیا۔
اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں بتایا کہ میرے فیروز خان کے ساتھ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے اور الحمدللّٰہ میں بڑے فخر سے یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ اس نے پہلا پروجیکٹ میرے ساتھ کیا تھا جس میں اس کی ٹریننگ بھی میں نے ہی کی تھی۔
اداکار نے بتایا کہ میں نے فیروز خان کو اداکاری کے کچھ مختلف پہلو سمجھائے اور یہ سمجھنے میں اس کی مدد کی کہ وہ کس طرح کے کرداروں میں زیادہ اچھی اداکاری کر سکتا ہے اور آج وہ’اینگری ینگ بوائے‘ والے جو کردار ادا کرتا ہے میرے ڈرامے میں اس نے ایسا کردار بہت پہلے ادا کیا تھا۔
اُنہوں نے فیروز خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت ذہین بچہ ہے اب فلم ’اکھاڑا‘ کی شوٹنگ کے دوران جب ہم ملے تو پہلے کچھ دن اس نے مجھ سے بالکل بات نہیں کی مگر وہ میرا احترام اب بھی کرتا ہے اور میں بھی اس کا احترام کرتا ہوں۔
شمعون عباسی نے کہا کہ فیروز خان اب ایک اسٹار ہے اور اس کے اسٹارڈم پر ہم کوئی شک نہیں کر سکتے کیونکہ لوگ واقعی اس کو پسند کرتے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب فلم ’اکھاڑا‘ کے سیٹ پر اس نے مجھ سے بات نہیں کی تو میں سمجھ گیا کہ وہ چھوٹا ہے اور حمائمہ کا بھائی ہے تو اسے مجھ سے بات کرنے میں مشکل ہو رہی ہے تو میں نے خود اس کے پاس گیا اسے گلے سے لگایا اور اسے اس بات کا یقین دلایا کہ میرا اور اس کا تعلق آج بھی پہلے جیسا ہی ہے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ جب میں نے فیروز خان کو گلے سے لگایا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے کیونکہ وہ مجھ سے بہت محبت کرتا ہے اور وہ نہیں چاہتا تھا کہ میرے اور اس کی بہن کے درمیان طلاق ہو لیکن جو قسمت میں لکھا اسے کوئی روک نہیں سکتا۔