فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
غزہ میں جنگ بندی اور نسل کشی کے خلاف آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر پُل پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، یہاں سیکڑوں افراد نے مارچ بھی کیا، جس میں وکی لیکس کے بانی جولین اسانج، لیبر پارٹی ساؤتھ ویلز کے سربراہ اور یہودی مظاہرین نے بھی شرکت کی۔
ادھر تل ابیب میں بھی اسرائیلی شہریوں نے نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کو رہا کروایا جائے۔ ساحل پر جمع اسرائیلی مظاہرین نے فلسطین میں شہید بچوں کی تصاویر کے ساتھ احتجاج کیا۔
لندن اور مانچسٹر میں خالی برتن بجاتے سیکڑوں لوگوں نے احتجاجی ریلی نکالی جبکہ مراکش میں امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا گیا۔
مظاہرین نے امریکی حمایت سے غزہ میں نسل کشی اور جبری قحط کے خلاف نعرے بلند کئے۔ اس کے علاوہ فرانس، جنوبی افریقا اور یمن میں بھی غزہ کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔