بالی ووڈ کی مشہور فلم ’جب وی میٹ‘ کی کہانی 18 برس بعد سچ ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اندور کی شردھا نامی لڑکی نے اپنے آشنا سے شادی کرنے کے لیے گھر چھوڑا مگر ایک اجنبی سے شادی کرکے گھر لوٹ آئی۔
معروف اداکار شاہد کپور اور اداکارہ کرینہ کپور کی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جب وی میٹ‘ نے اپنے منفرد اسکرپٹ، ڈائریکشن اور اداکاری سے دل جیت لیے تھے۔
فلم کی ریلیز کے 18برس بعد ریاست مدھیاپردیش کے علاقے اندور میں حیرت انگیز طور پر اسی طرح کی کہانی کا منظر دیکھا گیا۔
ہوا کچھ یوں کہ شردھا تیواری نامی خاتون نے اپنے بوائے فرینڈ سارتھک سے شادی کرنے کے لیے گھر چھوڑ دیا۔ اسٹیشن پہنچی، گھنٹوں انتظار کیا لیکن سارتھک نہ آیا اور رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ سارتھک شردھا سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔
دل شکستہ شردھا منزل سے ناواقف اگلی ٹرین میں سوار ہوگئی، تاہم چند گھنٹوں بعد رتلام کے اسی اسٹیشن پر اترگئی جسے فلم ’جب وی میٹ‘ میں بھی دکھایا گیا تھا۔
فلم کے سین کی طرح رتلام اسٹیشن پر شردھا کی ملاقات کرندیپ نامی شخص سے ہوئی، جو ایک الیکٹریشن ہے اور اتفاق سے اندور میں شردھا کے کالج میں کام کرتا تھا۔
کرندیپ نے شردھا کو پہچان کر اس سے بات چیت کی اور پوچھا کہ کیا ہوا، حقیقت جاننے پر کرندیپ نے لڑکی کو گھر جانے اور والدین کو سب کچھ بتانے کا مشورہ دیا لیکن شردھا بضد تھی کہ میں شادی کے لیے گھر سے بھاگی ہوں اور اب بغیر شادی کیے گھر واپس نہیں جاؤں گی، اگر گئی تو زندہ نہیں رہ سکوں گی، جس پر کرندیپ نے اسے شادی کی پیشکش کی جسے شردھا نے قبول کرلیا اور دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔