کراچی (اسٹاف رپورٹر)دعوت اسلامی کے زیر اہتمام نشتر پارک گراؤنڈ میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں ایک عظیم الشان روح پرور اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں اراکین شوریٰ، ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں عاشقان رسولﷺ شریک ہوئے،اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کے بعد حضور اقدس ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی گئی، اجتماع میں شریک عاشقان رسول کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، سبز پرچموں کی بہار، مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ کی صدائیں اور محبت رسول ﷺ سے لبریز ماحول نے ایک روحانی منظر پیش کیا، اجتماع سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے اخلاق مصطفیٰ ﷺ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا اخلاق بہترین اور بے مثال تھا،حضور نبی پاک ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا حسن سلوک فرمایا کہ وہی دشمن بعد میں جان نثار صحابہ بن گئے، روشن مثالیں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، انہوں نے اجتماع میں شریک عاشقان رسولﷺ سے کہا کہ ʼʼہمیں صرف میلاد منانے تک محدود نہیں رہنا بلکہ میلاد والے نبی ﷺکے اخلاق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا، اس سال بارہ ربیع الاول کو ʼʼ1500 واں جشن ولادت مصطفیٰ ﷺʼʼ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، دعوت اسلامی اس موقع کو تاریخی بنانے جارہی ہے اور 1500 مساجد ʼʼفیضان میلادʼʼ کے نام سے دنیا بھر میں تعمیر کی جائیں گی، اجتماع صلوٰۃ و سلام اور دعائے خیر کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔