پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کی کینیڈا میں کنسرٹ کے دوران کورین گانے پر پرفارمنس مذاق بن گئی۔
آئمہ بیگ نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک مزاحیہ شو سے کیا اور پھر موسیقی کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے متعدد کنسرٹس میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور وہ کئی ڈراموں کے ساؤنڈ ٹریک اور فلموں میں پلے بیک سنگنگ کے ذریعے انڈسٹری پر چھائی رہیں۔
گلوکارہ کی حال ہی میں کینیڈا میں منعقد کنسرٹ میں پرفارم کرتے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جس میں آئمہ نے اپنے ہٹ گانوں سے محفل کو چار چاند لگائے اور شائقین نے ان کی آواز اور انداز کو خوب سراہا تاہم، جب انہوں نے جنوبی کوریا کی گلوکارہ جینی کا گانا پرفارم کیا تو مداحوں کو ایک آنکھ نہ بھایا۔
آئمہ بیگ ناصرف گانا گاتی بلکہ اس پر جھومتی اور ڈانس اسٹیپس کرتی بھی نظر آئیں لیکن ان کی یہ کاوش کئی مداحوں کو متاثر نہ کر سکی۔
اس پرفارمنس کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد آئمہ بیگ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے ان کی پرفارمنس پر طنزیہ تبصرے کیے اور کہا، ’دوا کے اسپرے کے بعد باتھ روم میں تڑپتے کاکروچ جیسی لگ رہی ہے۔‘
ایک اور نے کہا، ’یہ جینی کی دراز اور ٹیمو ورژن لگ رہی ہے‘، جبکہ کسی نے تبصرہ کیا، ’زبردستی کورین بننے کی کوشش کر رہی ہے۔‘