پاکستان کی سُپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان بھی عام خواتین کی طرح مقامی بازار سے خریداری کی شوقین نکلیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکارہ کی دو ویڈیوز صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جس میں عالمی شہرت یافتہ اداکارہ کو ساڑھی کے لیے بھاؤ تاؤ کرتے اور ریڑھی والے سے امرود مانگتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو میں اداکارہ کو کراچی کے علاقے کلفٹن کے معروف مقامی بازار میں سبز ساڑھی کے لیے بھاؤ تاؤ کرتے دیکھ سکتے ہیں۔
آئوری (ہاتھی دانت کے رنگ کی) شلوار قمیض میں ملبوس، ماہرہ ہنستے اور مسکراتے دکاندار سے ساڑھی کے لیے بھاؤ تاؤ کررہی ہیں تاہم بات نہ بننے پر خریداری کئے بغیر ہی چلی جاتی ہیں جبکہ دکاندار اداکارہ کو پیچھے سے آواز دیتا رہ جاتا ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے گوکہ اس میں ان کی آواز واضح نہیں ہے تاہم ان کی حرکات و سکنات سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ریڑھی والے سے ایک امرود مانگ رہی ہیں۔
ریڑھی والے نے بھی فراخ دلی کا مظاہرہ کیا اور اداکارہ کو امرود دے دیا، جس وہ لے کر چلتی بنیں۔
یہاں یہ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز سے یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ یہ اداکارہ کے کسی پروجیکٹ کی شوٹ کا کوئی منظر ہے یا پھر یہ حقیقی زندگی کے مناظر ہیں۔ تاہم وائرل ویڈیوز کو صارفین بےحد پسند کر رہے ہیں۔