• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ لیاری، متاثرین کو تین ماہ کا کرایہ دینا زیادتی، حکومت مناسب رہائش دے، خرم شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ لیاری کے بعد علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات میں اضافے کے باعث پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر و چیئرمین جیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مخدوش قرار دی گئی عمارتوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ اور مناسب متبادل رہائش فراہم کی جائے، اور ان کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دی جائے،انہوں نے کہا کہ لیاری جیسے قدیم اور گنجان آباد علاقے میں سانحہ کے بعد درجنوں عمارتوں کو مخدوش قرار دے کر خالی کرایا گیا ہے، تاہم متاثرہ خاندانوں کو محض تین ماہ کا کرایہ دے کر بے یار و مددگار چھوڑ دینا سراسر زیادتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ محض وقتی ریلیف دینے کے بجائے متاثرین کی مستقل آبادکاری کا بندوبست کرے، تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے یہ شہری بے گھر ہو کر در در کی ٹھوکریں نہ کھائیں۔ حکومت سندھ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے لیے طویل المدتی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے جس میں نہ صرف متبادل رہائش کی فراہمی بلکہ ان کے نقصانات کا مکمل ازالہ بھی شامل ہو، اگر حکومت نے اس معاملے میں سنجیدگی نہ دکھائی تو یہ مسئلہ ایک انسانی بحران میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید