سعودی عرب نے کہا ہے کہ غزہ پر قبضے کی کسی بھی اسرائیلی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے غزہ پر قبضے کے منصوبے کے فیصلے پر بیان جاری کر دیا۔
دارالحکومت ریاض سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودیہ عرب، اسرائیلی قابض حکام کی طرف سے برادر فلسطینی عوام کے خلاف بھوک، وحشیانہ طرز عمل اور نسلی تطہیر کے جرائم کے ارتکاب کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔
اس سے قبل فلسطینی کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی کابینہ کے غزہ سٹی پر فوجی قبضے اور شہریوں کے انخلا کے منصوبے کو ’’نیا جنگی جرم‘‘ قرار دیا تھا۔
ایک بیان میں حماس نے خبردار کیا کہ یہ مجرمانہ مہم اسرائیلی افواج کے لیے مہنگی ثابت ہوگی اور یہ راستہ آسان نہیں ہوگا۔
حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کے خلاف اسرائیل کا یہ قدم ایک اور سنگین جرم کے مترادف ہے۔