ریاض (شاہدنعیم) عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم’ او آئی سی‘ کے ممالک و تنظیمات پر مشتمل وزارتی کمیٹی نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے اعلان کی شدید مذمت اور سخت مخالفت کی ہے۔ کمیٹی نے اسے خطرناک اشتعال انگیزی، بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور غیر قانونی قبضے کو طاقت کے ذریعے مسلط کرنے کی مجرمانہ کوشش قرار دیا، جو متعلقہ عالمی قراردادوں کے منافی ہے،کمیٹی نے کہا کہ اسرائیلی عزائم غزہ میں قتل عام، بھوک مسلط کرنے، جبری بے دخلی کی کوششوں اور فلسطینی زمینوں کے انضمام جیسے سنگین اقدامات کا تسلسل ہیں، جو انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ ان پالیسیوں نے امن کے کسی بھی امکان کو ختم کر دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے۔