• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچلاک کی آبادی بہت بڑھ چکی، وسائل پتھر کے دور والے ،پشتونخوا میپ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل کچلاک کے ایگزیکٹیوز اور کمیٹی کے اجلاس تحصیل کچلاک کے صدر ملک نادر کاکڑ کی صدارت میں ہوئے ۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ ، ضلع سینئر معاونین سعید خان کاکڑ ، نصیر خان کاکڑ ، ضلع ایگزیکٹیوز و ضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔ کمیٹی اجلاس میں تحصیل کچلاک کے علاقائی یونٹس نے تنظیمی و سیاسی کارکردگی کی رپوٹس پیش کیں جن کا اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا اور بعد ازاں ان کی منظوری دی گئی ۔ اجلاسوں میں تحصیل کچلاک کے زیر اہتمام علاقائی یونٹس کی کانفرنسز ، تنظیمی فعالیت ، عوامی مسائل کو زیر غور لایا گیا ، بالخصوص بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ، گیس پریشر کی کمی اور رات سے صبح تک گیس کی بندش ، پینے کے صاف پانی کی قلت جیسے مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا ۔ اجلاس سے پارٹی رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچلاک کی آبادی انتہائی زیادہ ہوچکی ہے اور وسائل آج بھی پتھر کے دور والے ہیں ، آبادی میں اضافہ کے ساتھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصوبہ بندی کرتے ہوئے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہر شعبہ زندگی میں عوام کو سہولیات مہیا کرے ، بدقسمتی سے فارم 47 کی حکومت نے کرپشن و کمیشن کے ذریعے عوامی خدمت کے تمام اداروں کو مفلوج بناکر ہر شعبہ زندگی میں عوام کو مشکلات سے دوچار کررکھا ہے ۔ ایسی صورتحال میں عوام کو طفل تسلیاں دینے سے کام نہیں چلے گا ،عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں جنہیں حکومت حل کرنے سے قاصر ہے ۔
کوئٹہ سے مزید