کوئٹہ (اسٹاف ر پورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکوکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا231 واں اجلاس چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کی صدارت میں کیسکوہیڈکوارٹرمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں بورڈ ممبران ، چیف ایگزیکٹوآفیسراور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈآف ڈائیریکٹرز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام فیلڈ فارمیشنز کو سختی سے ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا کہ صوبہ بھرمیں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور تمام نادہندگان سے بقایاجات کی وصولیابی کیلئے بھی ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کرکے اسے مزید موثر بنایا جائے انھوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ فیلڈآپریشن افسران اپنے اپنے سرکلز میں بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کریں انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کے خلاف قومی مہم کو مزید کامیاب کرنے کے لئے سخت محنت سے کام کریں۔چیئرمین بورڈآف ڈائریکٹرز نے کہاکہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں صارفین سے بجلی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کیلئے خصوصی مہم چلائیں تاکہ بجلی چوری کاتدارک کیاجاسکے۔انھوں نے مزید کہا کہ شمسی توانائی پر منتقل ہونیوالے تمام زرعی صارفین کے کنکشنز منقطع کر نے ساتھ ساتھ انکے ٹرانسفارمرز ،ایچ ٹی کھمبے اور ان سے منسلک دیگر برقی آلات بھی ہٹائیں اور انھیں کیسکو سٹور میں جمع کرائیں۔بعد ازاں اجلاس سالانہ پروکیور منٹ پلان کی بھی منظوری دی گئی اور ٹرانسمیشن لائنوں اور گریڈ اسٹیشن کی تنصیبات کے لیے سامان کی خریداری کی منظوری دی گئی۔بورڈآف ڈائریکٹرز کے اجلاس کو بتایا گیا کہ بورڈ کے فیصلے کے مطابق ای پروکیور منٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جسکے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور کیسکو کو ای پروکیورمنٹ کی مد میں 80 ملین روپے کی بچت ہوئی ہے اسکے علاوہ مختلف اسکریپ کی فروخت میں کیسکو کو 83 ملیں روپے کی اضافی آمدن بھی ہوئی۔ اجلاس میں کمپنی کی ترقی کے لیئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔