کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے کہا ہے کہ پارٹی ہر قسم کی مصلحت اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر پشتون افغان غیور ملت کے قومی حقوق اور آئینی اختیارات کی اصولی جدوجہد کو جاری رکھے گی ، ایک منظم اور فعال تنظیم ہی سیاسی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے قوم کو درپیش مسائل کے حل کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، یہ بات انہوں نے ضلع قلعہ عبداللہ کے ضلعی سیکرٹری ڈاکٹر محمود کی زیر صدارت منعقدہ ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں گزشتہ تنظیمی و سیاسی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی ، جس پر شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اہم فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع قلعہ عبداللہ اور مضافات میں پارٹی کو مزید فعال ، منظم اور متحرک بنایا جائے گا ۔ اجلاس سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ندا خان سنگر ، سلیمان خان بازئی ، ملک عبیداللہ مسیزئی ، ضلعی سنیر معاون سیکرٹری محمد رمضان کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی پشتون افغان ملت کی حقیقی نمائندہ عوامی جماعت ہے ،عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار جماعت محکوم و محروم عوام کے حقوق کے لیے عملی میدان میں جدوجہد کرتی آئی ہےاور مشکل ، کٹھن حالات کے باوجود پارٹی کارکنوں نے اپنی قربانیوں اور استقامت سے تنظیم کو فعال رکھا اور ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔ رہنماؤں نے ضلع قلعہ عبداللہ اور مضافات میں بڑھتی ہوئی بدامنی ، چوری، ڈکیتی، منشیات فروشی اور مسلح گروہوں کی سرپرستی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ضلع قلعہ عبداللہ اور مضافات میں امن و امان قائم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ، بصورت دیگر پارٹی عوام کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔