کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے زیراہتمام 12 ربیع الاول آمد حضور خاتم الانبیا و المرسلینؐ ریلی گاہی خان چوک سریاب روڈ سے نکالی گئی ، جس کی قیادت تحریک کے رکن شوری و بلوچستان کے امیر مفتی وزیر احمد رضوی نے کی ، ریلی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئے منان چوک پہنچی جہاں مرکزی رکن شوری و بلوچستان کے امیر مفتی وزیر احمد رضوی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد سے دنیا میں عظیم انقلاب برپا ہوا اور آپ ﷺ کے نور سے کائنات منور ہوگئی ۔ انہوں نے کہاکہ حضور اکرم ﷺ کی عزت و ناموس پر مسلمان اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں تاریخ کے اوراق میں جانثاران رسولﷺ کی محبت کی لازوال داستانیں بکھری پڑی ہیں ختم نبوت و ناموس رسالتﷺ ، اہل بیت اور اصحاب رسول پر ہمارا سب کچھ قربان ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتے ۔ملک میں توہین رسالت اور توہین صحابہ کرنے والوں کو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ، حکمران ایسے لوگوں کی پشت پناہی کرنے کی بجائے ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لا ئیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں 12 ربیع الاول کی تمام ریلیوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے 12 ربیع الاول کے دن مستونگ میں بہت بڑا سانحہ رونما ہوا تھا اب تک اس سانحے میں ملوث ملزمان سامنے نہیں لائے گئے ۔