• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبری لاپتہ کیے گئے پارٹی رہنما منظر عام پر لائے جائیں، این ڈی پی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی آرگنائزر شاہ زیب بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پارٹی کےجبری طور پر لاپتہ کیے گئے رہنماوں کوفوری منظر عام پر لایا جائے ،اگرانہوں نے کوئی جرم کیا تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے اور بے گناہ ہیں تو رہا کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر ثناء بلوچ ، علی جان بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی رکن غنی بلوچ کو 25 مئی کی شب کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے خضدار کے مقام پر مسافر گاڑی سے اتارکر مبینہ طور پر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا اور وہ تاحال لاپتہ ہیں ، ہمارے دوسرے مرکزی ممبر ثنا کھیتران بلوچ کو 10 اگست کو ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جبکہ بارکھان زون کےارکان گل میر بلوچ ، سلال بلوچ کو 30 اور31 جولائی2025 کی درمیانی شب ضلع بارکھان سے گرفتار کرکے جبری طور لاپتہ کردیا گیا ۔ کراچی سے پارٹی کے دوارکان زکریا بلوچ کو 24 مئی کو ہزارہ گوٹھ کراچی اور زاہد بلوچ کو 17 جولائی کو لیاری سے جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتہ کرنا، اظہار رائے پر پابندی، تھری ایم پی او، پیکا ایکٹ جسے اقدامات ماورائے آئین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
کوئٹہ سے مزید