• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک کا ایپل پر ’اینٹی ٹرسٹ‘ قوانین کی خلاف ورزی کا الزام، قانونی کارروائی کا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ارب پتی صنعتکار، ٹیسلا اور ایکس کے مالک، ایلون مسک نے الزام عائد کیا ہے کہ ایپل اپنی ایپ اسٹور پالیسیوں کے ذریعے مصنوعی ذہانت (AI) کمپنیوں کے مقابلے کو محدود کر رہا ہے۔

ایلون مسک نے اپنے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ایپل صرف اوپن اے آئی (OpenAI) کو سب سے آگے رکھ رہا ہے، ایپل کا یہ عمل واضح طور پر اینٹی ٹرسٹ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مسک نے مزید لکھا کہ ایپل اس انداز میں برتاؤ کر رہا ہے کہ اوپن اے آئی کے علاوہ کوئی بھی AI کمپنی ایپ اسٹور میں نمبر ون نہیں بن سکتی جو کہ ’اینٹی ٹرسٹ قوانین‘ کی صاف خلاف ورزی ہے، xAI فوری طور پر اس معاملے پر قانونی کارروائی کرے گا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے جبکہ ایپل، اوپن اے آئی اور مسک کی کمپنی xAI نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ بھی نہیں کیا ہے۔

بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپ اسٹور کے امریکی ’ٹاپ فری ایپس‘ سیکشن میں اس وقت چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) پہلے نمبر پر ہے۔

مارکیٹ ریسرچ کمپنی سینسر ٹاور (Sensor Tower) کے اعداد و شمار کے مطابق چیٹ جی پی ٹی گوگل پلے اسٹور پر بھی سب سے آگے ہے۔

دوسری جانب مسک کا AI چیٹ بوٹ ’گروک‘ (Grok) پانچویں نمبر پر اور گوگل کا ’جیمنی‘ 57ویں نمبر پر ہے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل کی اوپن اے آئی کے ساتھ شراکت داری ہے جس کے تحت چیٹ جی پی ٹی کو آئی فون، آئی پیڈ اور میک ڈیوائسز میں ضم کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید