پشاور(جنگ نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے 13 اگست کو یوم آزادی کی مناسبت سے کرنل شیر خان سٹیڈیم (آرمی سٹیڈیم) میں سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی تقریب کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا تاکہ شہریوں اور تقریب کے شرکاء کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں جس کی خاطر باقاعدہ ڈائیورژن پلان بھی جاری کردیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے ٹریفک حکام کو احکامات جاری کردیئے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ٹریفک پلان کے مطابق تقریب کے شرکاء اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے اور گاڑیاں پارک کرنے کیلئے مختلف کار پارکنگز کا تعین کیا گیا ہے جس کے تحت تقریب کے وہ رجسٹرڈ شرکاء جو فیملی کیساتھ گاڑی میں آئے ہوں وہ گیریژن پارک‘ مرد حضرات صابرینہ ہال‘ موٹر سائیکل پر آنیوالے تقریب کے شرکاء موٹر سائیکلیں اور گرینڈ اوور ہال میں کھڑی کریں گے اسی طرح جنرل کار پارکنگ آرمی پبلک سکول میں قائم کیا جائے گا۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی ہدایت پر یوم آزادی کی مناسبت سے سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی تقریب کے موقع پر خیبر روڈ پر رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی آمد ورفت پر مکمل طور پر پابندی ہوگی جبکہ تقریب کے وہ شرکاء جس کی باقاعدہ رجسٹریشن ہوئی ہو وہ رکشوں میں خیبر روڈ پر سفر کر سکیں گے جبکہ سواری اتارنے کے بعد رکشوں کو واپس کیا جائے گا اور خیبر روڈ پر انہیں کسی قسم کی سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔