پشاور ( لیڈی رپورٹر)پشاور فوارہ چوک صدر کے دکانداروں نے بازار کے سامنے موجود غیرقانونی ریڑھیوں اور ٹھیلوں کے خلاف فوارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے کی قیادت صدر جاوید خان نے کی جبکہ مظاہرے میں تاجروں نے شرکت کی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈذ او ر بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ريڑھیوں اور ٹھیلوں سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے جبکہ شہریوں کو امدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا رہتا ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ فوارہ چوک کو ʼʼفوڈ اسٹریٹʼʼ کا نام دے کر غیرقانونی تجاوزات کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ اصل دکاندار جو لاکھوں روپے ماہانہ کرایہ اور ٹیکس ادا کرتے ہیں، ان کے دکانوں کے آگے ریڑھیاں لگا کر کاروبار تباہ کیا جا رہا ہے۔تاجروں نے الزام عائد کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ ان ریڑھی والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی، جس کی وجہ سے نہ صرف خریداروں کا راستہ بند ہو گیا ہے بلکہ دکانداروں کو بھی شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بازار کے سامنے موجود غیرقانونی ریڑھیوں اور ٹھیلوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا۔