• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مزید ٹیرف لگائیں گے، امریکا کی وارننگ

امریکا نے بھارت کو خبردار کر دیا کہ اگر صدر ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئے تو وہ بھارت پر مزید ٹیرف لگائیں گے۔

امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا نے جو اضافی 25 فیصد ٹیرف بھارت پر لگایا ہے، وہ مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔ 

وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ امریکا بھارت پر 25 فیصد ٹیرف پہلے ہی لگا چکا ہے جبکہ روس سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے کی پاداش میں اضافی 25 فیصد ٹیرف کا اطلاق اگلے کچھ دنوں میں ہو گا اور اس طرح بھارت کو امریکا کی جانب سے 50 فیصد ٹیرف کا سامنا ہو گا اور اگر ٹرمپ پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو یہ مجموعی ٹیرف 50 فیصد سے بھی زیادہ ہو جائے گا۔

 اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ بھارت پر مزید اضافی ٹیرف کا انحصار ٹرمپ پیوٹن مذاکرات کے نتائج پر ہے۔ 

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات جمعے کو الاسکا میں ہو گی اور یہ ملاقات 2021ء کے بعد کسی موجودہ امریکی اور روسی صدر کے درمیان پہلی براہِ راست ملاقات ہو گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جمعے کے روز روسی ہم منصب کے ساتھ الاسکا میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے فوراً بعد ایک دوسری ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس ملاقات میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی شامل ہوں، یہ ملاقات تبھی ہو گی اگر فریقین اس پر آمادہ ہوں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید