کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ تباہ کن سیلابوں سے جاں بحق اور متاثر ہونے والوں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،سرمایہ کاری اعلامیہ کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے بات چیت میں انہوں نے اس کڑے وقت میں متاثرہ علاقوں سے سندھ حکومت کی یکجہتی کا اظہار کیا۔ مراد علی شاہ نے یقین دلایا کہ سندھ اپنے ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔ سیلاب میں زخمی ہونے والوں کے علاج کے لیے کراچی میں طبی سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں، جو متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے عزم کی علامت ہے۔وزیراعلیٰ نے چینگی بانڈہ کے قریب ہیلی کاپٹر حادثے پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جس میں عوامی خدمت کے مشن پر مامور پانچ اہلکار جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی اور سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وسیع تر تناظر میں مراد علی شاہ نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ بادل پھٹنے اور طغیانی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔