ٹوکیو(عرفان صدیقی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دورۂ جاپان کے دوران مختلف حکومتی شخصیات، بڑے کاروباری اداروں اور جاپانی سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گی،ان کے تاریخی دورۂ جاپان کے تمام انتظامات حتمی طور پر مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مریم نواز شریف 17اگست کو ایک بڑے وفد کے ہمراہ جاپان پہنچیں گی، جہاں جاپان میں پاکستان کے سفیر عبدالحمید ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ اس موقع پر جاپانی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی موجود ہوں گے۔ وہ ایک خصوصی سرمایہ کاری کانفرنس کی میزبانی بھی کریں گی اور جاپان کے شہر اوساکا میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش ایکسپو جاپان میں بھی شریک ہوں گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے مطابق ن لیگ جاپان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے، جو جاپان کے ایک معروف فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں پانچ سو سے زائد مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ تقریب کی میزبانی مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نون روان کریں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود بھی خصوصی طور پر جاپان پہنچ چکے ہیں تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا استقبال کر سکیں۔