اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ، خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سینٹ کو بتایا کہ بلوچستان میں انٹرنیٹ بندش کی وجہ سکیورٹی خدشات ہیں،جن دنوں میں انٹرنیٹ بندش رہی اس دوران خریدے گئے پیکج محفوظ رہیں گے اور اگلے ماہ منتقل ہوں گے، جمعہ کو ایوان بالا میں سنیٹر کامران مرتضیٰ کے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بلوچستان میں 31 اگست تک انٹرنیٹ عارضی معطل کرنے کا آرڈرکیا گیا جس کی وجہ سکیورٹی خدشات تھے تاہم صوبے میں پروازیں بحال ہیں، ٹرین اور سڑک کے راستے بھی کھلے ہیں ، کسی کو شوق نہیں کہ سروسز کو معطل کریں، جہاں دہشتگردی ہوتی ہے وہاں یہ سب اقدامات کئے جاتے ہیں اور اس کا مقصد امن وامان کی صورتحال کو بہتربنانا ہے، جن دنوں میں انٹرنیٹ بندش رہی اس دوران خریدے گئے پیکج محفوظ رہیں گے اور اگلے ماہ منتقل ہوں گے۔