کوئٹہ (اے پی پی، این این آئی) بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کے بارے میں جاری نوٹیفکیشن فوری واپس لینے اور سیکورٹی خدشات کے علاوہ صوبے کے دیگر علاقوں میں فوری موبائل انٹرنیٹ بحال کرنیکا حکم دیدیا۔ جمعہ کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس روزی خان بڑیچ، جسٹس سردار احمد حلیمی نے صوبے میں موبائل انٹرنیٹ کی بندش کیخلاف دائر پٹیشن پر سماعت کی ۔سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور محکمہ داخلہ کے افسران پیش ہوئے ۔ حکومتی حکام نے عدالت کو بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ سروسز عارضی طور پر معطل کی گئی ہیں، حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں 31 اگست 2025 تک موبائل ڈیٹا بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔