کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ یہ سیاست کا وقت نہیں ہوتا وفاقی حکومت کی اتنی ہی ذمہ داری ہے جتنی صوبائی حکومت کی ہے ،ہم نے اپنی زندگی میں کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ اتنا زیادہ نقصان ہوا ہو،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی نظریں ٹرمپ پیوٹن ملاقات پرجمی ہوئی ہیں، امریکی ریاست الاسکا میں امریکی صدر اور روسی صدر ملاقات کرنے جارہے ہیں اور اس کے نتیجے میں یوکرین جنگ سے متعلق بڑا فیصلہ متوقع ہے اور اس میٹنگ پر یورپی ممالک کے ساتھ ساتھ بھارت کی نظریں بھی جمی ہوئی ہیں ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی بھارت کو خبردار کرچکی ہے کہ ٹرمپ پیوٹن ملاقات کامیاب نہیں ہوتی تو روسی تیل خریدنے پر بھارت کو مزید ٹیرف کا سامنا کر نا پڑسکتا ہے۔بیرسٹر گوہر خان نے کہاکہ اس وقت بہت گھمبیر صورتحال ہے یہاں جو علاقے متاثر ہوئے ہیں میرے ضلع میں جو مصدقہ اطلاعات کے مطابق135 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں 28 بچے اور 74 عورتیں ہیں لیکن شرح اموات بڑھیں گی اور ساڑے تین سو کراس کرے گا ایک علاقہ ایسا ہے جہاں ایک گاؤں پوری طرح ختم ہوچکا ہے ابھی وہاں پر ہماری رسائی نہیں ہے۔ امید ہے ہم لوگوں تک پہنچیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ جتنی جانیں بچا سکتے ہیں بچائیں۔ہماری توجہ اس وقت ریسکیو پر ہے۔ فی الحال وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی نہیں صوبائی حکومت کا مشکور ہوں کہ انہوں نے فوری طور پر پندرہ کروڑ ریلیز کیے اورہیلی کاپٹر فراہم کیا اور میری سب سے درخواست ہے کہ یہ سیاست کا وقت نہیں ہوتا وفاقی حکومت کی اتنی ہی ذمہ داری ہے جتنی صوبائی حکومت کی ہے سب کو کہوں گا کوآرڈی نیشن ضروری ہے۔ہم نے اپنی زندگی میں کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ اتنا زیادہ نقصان ہوا ہو۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ تیز بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا ہے ۔ ان حادثات سے 214 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر کے پی اور وزیراعلیٰ علی امین سے فون پر گفتگو کی اور کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر ممکن مد دکرے گی۔