• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی فوج کی الشفا ہسپتال اور رہائشی آبادی پر بمباری، 49 فلسطینی شہید، بھوک سے بچہ جاں بحق

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج کی الشفا اسپتال اور رہائشی آبادی پر بمباری، 49فلسطینی شہید، 369زخمی ہوئے،بھوک سے ایک اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔ شہدا میں17امداد حاصل کرنے والے افرادبھی شامل،بھوک سے اموات کی مجموعی تعداد 240ہو گئی، 107بچے ہیں۔ غزہ سٹی مسلسل نشانہ ، بھاری توپ خانے، ڈرونز اور جنگی طیاروں کا استعمال،انسانی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ شہری زندگی کا مکمل خاتمہ ہے۔دوسری جانب آکسفیم ترجمان نے تبایا کہ اسرائیل رکاوٹ ڈالنے کی حکمت عملی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ ہم عوام کو ریلیف فراہم نہ کر سکیں۔اسرائیلی فوج نے الشفاء اسپتال پر بمباری کی ہے۔میدان میں موجود ہماری ٹیم کے مطابق اس حملے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔غزہ وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 7اکتوبر 2023سے اب تک اسرائیلی جنگ میں 61,827فلسطینی شہید اور 155,275زخمی ہو چکے ہیں۔مزید کہا گیا کہ 27 مئی سے، جب اسرائیل نے امریکی تنظیم GHF کے ذریعے نیا امدادی تقسیم کا نظام متعارف کرایا، امداد حاصل کرنے کی کوشش میں مارے جانے والوں کی تعداد 1,898 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ 14,113 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج غزہ سٹی کی تباہی کے عمل کو سست کرنے کے کوئی آثار نہیں دکھا رہی۔غزہ سٹی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج مسلسل رہائشی گھروں کو مسمار کر رہی ہے، اور یہ کارروائیاں رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے اسرائیل بھاری توپ خانے، ڈرونز اور جنگی طیاروں کا استعمال کر رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید