صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریاؤں کی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں اور گلیشئیرز پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
اسی طرح دریائے جہلم کے اہم مقامات اور ملحقہ نالوں میں اور دریائے چناب پر بہاؤ معمول پر ہے، نالہ پلکھو کینٹ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی پر بھی بہاؤ معمول پر ہے، نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا ڈیم 98 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم کا لیول 1547.94 فٹ اور منگلا ڈیم کا 1211.15 فٹ ہے ۔