• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال بھر خراب کارکردگی، کئی بڑے کرکٹرز کی سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کا امکان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے باعث کئی بڑے ناموں کی سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کا امکان ہے جبکہ کئی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوسکتے ہیں۔سال کے دوران بابر اعظم،محمد رضوان ،شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی میں زوال آیا جبکہ بابر او ر رضوان ٹی ٹوئینٹی ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں ان کو اے کٹیگری میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سینٹرل کنٹریکٹس برائے 26-2025 کے لیےکوچز اور متعلقہ آفیشلز سے مشاورت کررہا ہےہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی رائے اہم ہوگی، جلد ناموں کو حتمی شکل دے کر نئے کنٹریکٹس کا اعلان کیاجائے گا۔ نیا کنٹریکٹ یکم جولائی سے شروع ہوناتھا۔اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، فخر زمان، آل راؤنڈر فہیم اشرف، اسپنر صفیان مقیم، وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث، فاسٹ بولرحسن علی، آل راؤنڈر خوشدل شاہ، حسین طلعت اور محمد نواز کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ عامر جمال، محمد حریرہ، وکٹ کیپر حسیب اللہ، بیٹر عثمان خان اور فاسٹ بولر محمد علی سمیت دیگر کھلاڑی کنٹریکٹ سے محروم ہوسکتے ہیں۔موجودہ کنٹریکٹ کے مطابق اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی آمدنی سمیت 65 لاکھ، بی کو 45 لاکھ، سی کو 20 لاکھ اور ڈی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو تقریبا 12 لاکھ روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی حتمی منظوری کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا جائے گا، 3 سالہ فنانشل ماڈل کے 2026 میں ختم ہونے کے بعد نئے کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کا معاوضہ بڑھانے یا کم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔2023 میں بابر اعظم،محمد رضوان اور دیگر سنیئر کھلاڑیوں نے پی سی بی سے کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد تین سال کے لئے فنانشل ماڈل کی منظوری دی تھی۔

اسپورٹس سے مزید