• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں سیکورٹی خدشات، پاکستان ایشیا کپ ہاکی سے باہر، بنگلہ دیش ٹیم شامل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بھارت میں سیکیورٹی کے باعث قومی ہاکی ٹیم ایشیا کپ میں حصہ نہیں لے گی۔ ایشیائی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کے بھارت جانے کا امکان نہیں، کھلاڑیوں کو بھی ایشیا کپ کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا، بعض کھلاڑی بیرون ملک چلے گئے ہیں۔ ذرائع پی ایچ ایف کے مطابق ایشیا کپ میں ہماری کوئی دلچسپی نہیں ، پہلے اپنے ملک کو دیکھنا ہے۔ دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تاحال ٹیم کی شرکت یا عدم شرکت پر میڈیا کو اعتماد میں نہیں لیا۔ اس کا موقف ہے کہ حکومت جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کیا جائے گا، ایشیا کپ کے شیڈول میں پاکستانی ٹیم کے نام کی جگہ آؤٹ لکھ دیا ہے۔ ایشیا کپ میں عدم شرکت سے پاکستان کو اگلے ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا جو امکان ہے کہ عمان میں آئندہ سال جنوری میں ہوگا۔ دوسری جانب پا کستان ہاکی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ اور ایشیا کپ میں شرکت کے معاملے پر فیصلہ آئندہ 2 سے 3 روز میں متوقع ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق فیڈریشن نے 18 اگست تک انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کو بتانا ہے لہٰذا پرو ہاکی لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت سے متعلق فیصلہ 18 اگست تک متوقع ہے۔ پی ایچ ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ جواب دینے کے لیے 3 سے 4 روز ہیں، مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، حکومت کی جانب سے اچھا رسپانس ملا ہے ، وزارت خزانہ سے بھی میٹنگز جاری ہیں ، جمعے کو بھی پی ایچ ایف حکام نے وزارت خزانہ اور بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے اہم عہدے داروں سے ملاقات کی۔ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں بھارت، جاپان، چین اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں کوریا، ملائیشیا، عمان اور تائیوان شامل ہیں۔ ایونٹ میں سیمی فائنل کا مرحلہ نہیں ہوگا، ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں پول سی میں جائیں گی جہاں تین میچز کے بعد فائنل اور تیسری، چوتھی پوزیشن کے مقابلے ہوں گے، جبکہ نچلی دو ٹیمیں پانچویں سے آٹھویں پوزیشن کیلئے کھیلیں گی۔