راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)میونسپل لیبر یونین (سی بی اے )ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام گزشتہ روز میونسپل کارپوریشن سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت میونسپل لیبر یونین کے صدر راجہ ہارون و جنرل سیکرٹری پادری شاہد رضا نے کی۔اس موقع پر میونسپل لیبر یونین کے صدر راجہ ہارون نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر جگہ ہر دور میں ایسا ہوتا آیا ہے کہ مزدور کو اس کی مزدوری پسنہ خشک ہونے سے پہلے ادا کر دی جاتی ہے مگر اب حالت اس سے بدتر ہے، عید الااضحی کے دوران جس طرح ملازمین نے دن رات محنت کرکے راولپنڈی شہر کو صاف رکھا افسران بالا اور اعلی حکام کے احکامات کے باوجود ان ملازمین کو تاحال ایک ماہ کی تنخواہ بطور الائونس نہیں دی گئی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ہارون الرشید نے مزید کہا کہ ہم ڈی سی راولپنڈی اور انتظامیہ کو 15 دن تک کا وقت دیتے ہیں اگر 1ستمبر تک ہمارے تمام 900ملازمین کے مستقل کے آرڈر جاری نہ کئے گئے تو تمام ملازمین کام بند کرکے مری روڈ پر غیر معینہ مدت تک احتجاجی کیمپ اور دھرنا دیا جائے گا جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔