وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سیلاب کا کوئی بھی حکومت اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی۔
سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں سیلاب میں جاں بحق افراد کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اس قسم کے سانحات میں کوئی حکومت بھی تنہا مقابلہ نہیں کرسکتی، سندھ حکومت نے امدادی سامان بھیجا ہے، مزید ضرورت پڑی تو ضرور بھیجیں گے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ کے پی کے میں بارشوں سے ہونے والا نقصان بہت بڑا سانحہ ہے، کوئی بھی حکومت بارشوں جیسے چیلنجز پر سیاست نہیں کرتی، کراچی میں جب بارشیں ہوتی ہیں تو سندھ حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، آزمائش کی صورت میں تنقید کے بجائے ہماری اور اداروں کی مدد کی جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ تنقید کرنے سے لوگوں میں مایوسی پھیلتی ہے اور بحالی کا کام کرنے والوں کے حوصلے پست ہوتے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ کوتاہیوں کو ضرور سامنے لایا جائے لیکن مشکل وقت میں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، نالوں کی صفائی کا کام 28 جون کو شروع ہوا اور ابھی بھی جاری ہے، حکومت کی ترجیح ہوتی ہے کہ پہلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں کو کلیئر کیا جائے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ کے پی کے میں ہونے والے واقعے پر کسی جماعت نے منفی سیاست نہیں کی۔