• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: معرکۂ حق کی کامیابی نے یومِ آزادی کو نیا رنگ دیا ہے، رحیم قریشی

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

برسلز کے پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی نہایت وقار اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر منعقدہ پروقار تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جو پاکستان کے سفیر برائے یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ، رحیم حیات قریشی نے سرانجام دیا، اس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔

پاکستان کے صدر، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور پاکستانی قوم کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ 

قیادت نے پاک افواج کو تاریخی معرکۂ حق میں حالیہ کامیابی پر سراہاتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن سے اپنی وابستگی کو ایک بار پھر دہرایا۔

اپنے خطاب میں سفیر پاکستان رحیم قریشی نے قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کے ان رہنما اصولوں کو یاد کیا جو ایک پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ 

انہوں نے پاک افواج کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر وطن کا دفاع کیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی نے اس سال کے یومِ آزادی کو ایک نیا فخر اور شکرگزاری کا رنگ دیا ہے کیونکہ قوم اپنے ان جانباز بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اللّٰہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی۔

تقریب میں معرکۂ حق پر ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب کا اختتام یومِ آزادی کا کیک کاٹنے پر ہوا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید