• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ، ملزم گرفتار

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی دارالحکومت دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر آج صبح اِن کی رہائش گاہ پر منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ایک چالیس سالہ شخص نے حملہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی سیکیورٹی ٹیم نے فوری طور پر حملہ آور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، حملہ آور کی شناخت راجیش سکاریا کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست گجرات کا رہائشی بتایا جارہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کچھ کاغذات کے ساتھ وزیراعلیٰ کے قریب آیا اور بات کرنے کے دوران اچانک حملہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ کو فوراً اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 

پولیس کمشنر ایس بی کے سنگھ کا اس سے متعلق کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک بڑی سیکیورٹی ناکامی ہے اور اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہوں گی۔

دوسری جانب بی جے پی کے سینئر رہنما ہریش کھرانہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز وزیراعلیٰ کا معائنہ کر رہے ہیں، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ آیا اس کے پیچھے کوئی سیاسی سازش تو نہیں۔

بھارتی اپوزیشن کی جانب سے بھی اس واقعے کی مذمت کی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید