• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی: فلم ’درشیام‘ کے طرز کا قتل: مصور نے بیوی کو قتل کر کے دفنا دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے ایک ہولناک واردات سامنے آئی ہے جہاں ایک مصور نے فلمی انداز میں اپنی بیوی کو مبینہ طور پر غیر مرد سے تعلقات کے شک میں قتل کر کے لاش دفنا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب 10 اگست کو دہلی کے مہراولی تھانے میں مقتولہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی۔

شکایت گزار مقتولہ کے دوست نے شبہ ظاہر کیا کہ اسے اغوا کر کے کہیں یرغمال بنایا گیا ہے، تحقیقات کے دوران پولیس کو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج ملی جس میں مقتولہ اپنے شوہر اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ نیم بے ہوشی کی حالت میں کہیں جاتی دکھائی دی۔

ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران مقتولہ کے شوہر نے جرم سے انکار کر دیا۔

بعد ازاں اس نے پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے دعویٰ کیا کہ اس نے لاش کو نہر میں پھینک دیا ہے تاہم سخت تفتیش پر اس نے آخر کار سچ اُگل ہی دیا۔

ملزم نے بتایا کہ مجھے شبہ تھا کہ میری بیوی کے کسی اور کے ساتھ تعلقات ہیں، اسی بنا پر میں نے اس کا قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے اپنی بیوی کو نشہ آور گولیاں دیں اور اسے کئی دن تک نشے کی حالت میں قید رکھا،  اس دوران اسے کیڑے مار دوائی بھی کھلائی گئی، جب مقتولہ کی طبیعت بگڑ گئی تو ایک کمپاؤنڈر کے پاس لے جایا گیا اور خودکشی کا ڈرامہ رچا کر واپس گھر لایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یکم اگست کو خاتون کی موت واقع ہو گئی اور اگلی رات اس کے شوہر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیوی کی لاش کو ایک قبرستان میں دفنا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید