کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں کو 9 مئی میں سزائیں ہوئیں ان کی ضمانتیں ہو چکی تھیں،پی ٹی آئی عدالتوں سے ریلیف نہ ملنے پر یہی رویہ رکھا کرے ، 190ملین پاؤنڈ کیس شواہد کے اعتبار سے بہت مضبوط کیس ہے ، کسی بھی مقدمے میں ضمانت ملنا عبوری ریلیف ہوتا ہے ،پی ٹی آئی فیصلے پر خوش ہے تو یہ باعث اطمینان ہے ،پی ٹی آئی راہ فرار اختیار کر رہی ہے ، یہ مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے ،اگر ان کیسز میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوئی تو سلمان اکرم بالکل الگ بات کرینگے، یہ کہنا درست نہیں ہے کہ ضمانت ہو گئی تو کیس ختم ہو گیا۔سینئر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ مجھے عمران خان کے لیے کوئی ریلیف نظر نہیں آرہی ہے اگر فیصلہ کا بغور جائزہ لیں تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدالت ان تمام شواہد اور ان کی حیثیت کو اہمیت نہیں دینا چاہتی جو ٹرائل کورٹ میں موجود ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ علیمہ خان کے بیٹے شہریز سے متعلق جیسے ہی مجھے معلوم ہوا تو میں نے لاہور پولیس چیف سے بات کی انہوں نے اس پر کہا ہے کہ ہماری طرف سے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ مزید اس بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ مجھے سردست اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔