• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینک اسلامی کا پہلی ششماہی میں 8.95 ارب روپے کا منافع

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)بینک اسلامی نے مالی سال2025ء کی پہلی ششماہی میں8.95 ارب روپے کاقبل از ٹیکس منافع حاصل کیااور 15 فیصد عبوری ڈیویڈنڈدینےکا اعلان کردیا۔ بینک کے ڈپازٹس میں12.7 فیصد اضافہ ہواہے۔ تفصیلات کے مطابق بینک اسلامی نے 30 جون،2025ء کو ختم ہونے والےمالی سال 2025ء کی پہلی ششماہی کے لیے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیاہے۔ بینک نے اس ششماہی کے دوران8.95 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے، جس کے نتیجے میں فی حصص 1.50 روپے (15فیصد) عبوری نقد منافع کا اعلان بھی کیا ہے۔پہلی ششماہی کے دوران بینک کی نان فنڈڈ آمدنی میں 90 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ وسیع تر معاشی سُست روی کے باوجود، کُل آمدنی میں صرف 4.9 فیصد کی معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔بینک کے مجموعی آپریٹنگ اخراجات میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ ان اخراجات میں 32 منزلہ ٹاور کا حصول بھی شامل ہے، جو ملک گیر آپریشنز کے لیے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال کیا جائے گا، بینک کے ڈپازٹس میں12.7 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ کرنٹ اکاؤنٹس میں37.9 فیصد کا نمایاں اضافہ تھا۔ اس سے کرنٹ اور سیونگز اکاؤنٹس (CASA) کا تناسب بڑھ کر 70 فیصد کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔بینک نے ششماہی کا اختتام 19.37 فیصد کے مضبوط کیپٹل ایڈی کویسی ریشو (CAR) کے ساتھ کیا جو سرمایہ کاری کےمحتاط نظم و نسق اور مؤثر مالی نگرانی کی عکاسی کرتا ہے۔ اثاثہ جات بمقابلہ ڈپازٹ ریشو (ADR) 43.3فیصد پر صحت مند سطح پر برقرار رہا، جبکہ ناقابل وصول فنانسنگ میں 8 فیصد کمی ہوئی اور جون ،2025ء تک یہ 22.3 ارب روپے تک آ گئی۔انفیکشن ریشو میں معمولی اضافہ ہوا، جو 7.4 فیصد سے بڑھ کر 8.2 فیصد ہو گیا، جس کی بنیادی وجہ مجموعی فنانسنگ پورٹ فولیو کے حُجُم میں کمی تھی۔پاکستان میں سود سے پاک بینکاری کو فروغ دینے کے لیے بینک اسلامی کی کوششوں کے نتیجے میں اسےمالی سال2025ء کی پہلی ششماہی میں یورومنی کی جانب سے ”پاکستان کا بہترین اسلامی بینک“ قرار دیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید