اسلام آباد(ایجنسیاں)بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں 4لاکھ76ہزار سے زائدنادہندگان سے 480 ارب روپے کی وصولی کرنے میںناکام ہیں‘یہ انکشاف آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی مالی سال 2024-25 کی آڈٹ رپورٹ میں ہوا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بجلی بلوں کی ریکوری ڈسکوز کے لیے بدستور بڑا چیلنج ہے‘ریکوریوں کی راہ میں ناکارہ نظام‘ کمزور پالیسیوں اور عملی اقدامات کے فقدان کوبڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ صرف 6برسوں میں بجلی کے بقایاجات میں828ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ 2021-22میں وصولیوں کی مد میں بقایا جات 1189ارب روپے تھے جو بڑھ کر 1523ارب روپے تک پہنچ گئے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال2021-22میں عدم وصولی میں341ارب جبکہ2022-23میں 187ارب اور2023-24 میں مزید 293 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ یوں 2024میں عدم وصولی کی مجموعی رقم بڑھ کر 2017ارب تک جا پہنچی ۔