کراچی ( نیوز ڈیسک) صہیونی فوج نے حملے تیز کردئیے، 70فلسطینی شہید، اسپتالوں اور امدادی اداروں کو انخلا کا حکم ،شہدا میں18امداد کے متلاشی بھی شامل ،قحط کے باعث مزید دو افراد جاں بحق ، بچوں میں غذائی قلت مارچ کے بعد سے چھ گنا بڑھ چکی۔عالمی رہنماؤں کی مغربی کنارے میں آباد کاری توسیعی منصوبے کی اسرائیلی منظوری کی مذمت ، رام اللہ اور بیت لحم کے درمیان رابطہ منقطع ہوجائیگا۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو کہا کہ اس نے شمالی غزہ کے طبی عملے اور امدادی اداروں کو علاقے پر فوجی قبضے کی کارروائی سے قبل انخلا کی منصوبہ بندی شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔فوجی حکام کے مطابق اس ہفتے "شمالی غزہ کی پٹی میں طبی حکام اور بین الاقوامی تنظیموں کو اطلاع دی گئی ہے کہ آبادی کو جنوبی غزہ منتقل کرنے کی تیاری کریں۔"یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزارت دفاع نے غزہ سٹی پر حملے کی منظوری دے دی ہے اور تقریباً 60ہزار ریزرو فوجیوں کو طلب کرنے کا حکم دیا ہے، جس سے خدشہ ہے کہ یہ مہم غزہ کی پہلے سے سنگین انسانی صورتحال کو مزید بگاڑ دے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے متعلقہ اداروں کو اسپتالوں کا طبی سامان جنوبی حصے میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کرنے کے لیے کہا ہے۔فوجی افسران نے طبی حکام پر زور دیا کہ جنوبی غزہ میں اسپتالوں کے ڈھانچے کو اس طرح ترتیب دیا جا رہا ہے کہ وہ مریضوں اور زخمیوں کو سنبھال سکیں، ساتھ ہی ضروری طبی سامان کے اضافی داخلے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے. غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 70 فلسطینی جاں بحق اور 356 زخمی ہوئے، جن میں 18 امداد کے متلاشی بھی شامل ہیں۔