• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جولائی، ٹیکسٹائل، اسپورٹس گڈز و سرجیکل آلات برآمدات میں نمایاں اضافہ، چاول و سبزیوں میں کمی

اسلام آباد(اسرار خان) پاکستان میںجولائی میں ٹیکسٹائل، اسپورٹس گڈز و سرجیکل آلات برآمدات میں نمایاں اضافہ، چاول و سبزیوں میں کمی ہوئی۔گارمنٹس اور نٹ ویئر کی عالمی مانگ، ٹیکسٹائل برآمدات گزشتہ سال کے1.27ارب ڈالر کے مقابلے میں32فیصد بڑھ کر1.52ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ چاول برآمدات میں18فیصد کمی، سیمنٹ میں141فیصد ریکارڈ اضافہ ، گاڑیوں کی درآمدات میں 167، زرعی مشینری 124،بائل فون 125فیصد اضافہ ہوا۔ ٹیکسٹائل برآمدات میں جولائی 2025کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کے 1.27ارب ڈالر کے مقابلے میں 32فیصد بڑھ کر 1.52ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ یہ اضافہ بالخصوص گارمنٹس اور نٹ ویئر کی عالمی مانگ کے باعث ہوا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نٹ ویئر کی برآمدات 43.5 فیصد اضافے سے 513.3 ملین ڈالر، جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس 35.5 فیصد اضافے سے 400.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ بیڈ ویئر میں 38.3 فیصد اور تولیوں کی برآمدات میں 33.9 فیصد اضافہ ہوا۔ مجموعی طور پر ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 32.1 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے برعکس فوڈ ایکسپورٹس 10.3 فیصد کم ہوکر 427 ملین ڈالر رہیں۔ چاول کی برآمدات 18.3 فیصد کمی کے ساتھ 168.1 ملین ڈالر رہیں، جن میں باسمتی کی برآمدات تقریباً 40 فیصد گھٹ کر 55.7 ملین ڈالر رہ گئیں۔ سبزیوں کی برآمدات 45 فیصد گر گئیں، جبکہ گوشت 9.8 فیصد، پھل 43.6 فیصد اور مچھلی و سی فوڈ کی برآمدات 18.6 فیصد بڑھ گئیں۔اسپورٹس گڈز کی برآمدات 32.5 فیصد اضافے سے 38.9 ملین ڈالر تک پہنچیں، جن میں فٹبال کی برآمدات 44.7 فیصد اضافے کے ساتھ 25.7ملین ڈالر رہیں۔ سرجیکل آلات کی برآمدات 33.4 فیصد بڑھیں، جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 141 فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب کیمیکلز اور فارماسیوٹیکل ایکسپورٹس24فیصد کم رہیں۔درآمدات کے محاذ پر پٹرولیم کی درآمدات 6.4 فیصد اضافے سے 1.35 ارب ڈالر، مشینری 29.4 فیصد اضافے سے 927.5 ملین ڈالر اور خوراک کی درآمدات 44.9 فیصد بڑھ کر 744 ملین ڈالر ہو گئیں۔ موبائل فونز کی درآمدات میں 125.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 145.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ زرعی مشینری کی درآمدات 124فیصد بڑھ گئیں۔ٹرانسپورٹ سیکٹر کی درآمدات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا جو 167 فیصد بڑھ کر 307 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ کاروں کے پرزہ جات (CKD/SKD) کی درآمدات میں 143.6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مکمل تیار شدہ کاروں کی درآمدات میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید