لاہور (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل رائیونڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور بحریہ اورچرڈ، پاجیاں اور رائیونڈ روڈ پر صفائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی ایل، اے ڈی سی جی، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ ذوہیب ممتاز، ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا حکام بھی ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے ڈی سی کو علاقے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ناقص صفائی اور تجاوزات کی موجودگی پر ڈپٹی کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو ہدایت دی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔ ایم سی ایل ریگولیشن ونگ کو تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کرنے کا حکم دیا۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے واضح کیا کہ لاہور کو صاف ستھرا بنانا انتظامیہ کا بنیادی مشن ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔